پاکستان ۸ ستمبر ۲۰۲۶

خواندگی اور تعلیمی مواقع تک رسائی بڑھانے کے لیے مشترکہ اور منظم کوششوں کی ضرورت ہے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (ویب نیوز) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے خواندگی اور تعلیم کے مواقع تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ اور منظم کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے، بالخصوص ان بچوں اور بالغ افراد کے لیے جو رسمی تعلیمی نظام سے باہر ہیں۔ عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواندگی اس لیے انتہائی اہم ہے کہ لوگ باخبر فیصلے کرسکیں، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے تعلیمی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے غیر رسمی تعلیم، بالغوں کی خواندگی اور ہنرمندی کی ترقی کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی تبدیلی کے باعث بنیادی خواندگی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل صلاحیتوں اور عملی مہارتوں پر بھی زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا تاکہ تعلیم اور سیکھنے کے مواقع کو مزید وسیع کیا جاسکے۔ انہوں نے خواندگی اور تعلیم کے فروغ میں اساتذہ، والدین، تعلیمی ماہرین اور سماجی کارکنوں کے اہم کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ آنے والی نسلوں کی تعمیر میں ان کی خدمات مسلسل تعاون اور تحسین کی مستحق ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، تعلیمی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ ملک بھر میں تعلیم اور علم کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔