اسلام آباد (ویب نیوز) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بحریہ ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم پر دلی مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بحریہ ڈے پاک بحریہ کی عظیم قربانیوں اور کامیابیوں کو یاد کرنے کا دن ہے اور بالخصوص 1965ء کی جنگ میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپریشن سومنات‘‘ پاک بحریہ کی بہادری، بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ ایک جدید اور ہمہ جہت بحری قوت کے طور پر ترقی کرچکی ہے اور ملکی دفاع کے ساتھ ساتھ سمندری راستوں کے تحفظ، علاقائی امن کے فروغ اور انسانی امدادی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ کے دوران پاک بحریہ کی تیاری اور مستعدی کو بھی سراہا اور کہا کہ اس فورس نے ملک کے ساحلی اور سمندری مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا۔ سیدال خان ناصر نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ احترام اور تشکر کے ساتھ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے یقین ظاہر کیا کہ پاک بحریہ اپنی اعلیٰ روایات، بہادری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی دفاع میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔
