تازہ ترین ۸ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ میں ایف بی آر حکام اور تاجر رہنماؤں کے درمیان خصوصی ٹیکس اسکیم پر بات چیت

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان مرکزی انجمن تاجران کے ترجمان کاشف حیدری، صوبائی صدر عزت اللہ کاظمی، محمد مہدی اور دیگر عہدیداران سے ایف بی آر انسپکٹر ارباز خان، ٹیم لیڈر سرور اور دیگر افسران نے ملاقات کی، جس میں چھوٹے تاجروں کے لیے متعارف کرائی گئی خصوصی ٹیکس اسکیم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایف بی آر حکام نے تاجروں کو خصوصی ٹیکس اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکیم ان دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جن کا سالانہ کاروباری حجم 20 کروڑ روپے تک ہے، جس کے تحت سالانہ کاروباری حجم پر صرف ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا جبکہ کم از کم قابلِ ادائیگی ٹیکس 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اس اسکیم کے تحت تاجروں کے لیے ایک صفحے پر مشتمل سادہ اور آسان ٹیکس ریٹرن بھی تیار کیا گیا ہے، جبکہ رجسٹریشن اور ٹیکس فائل کرنے کے لیے ایف بی آر کی ویب سائٹ، موبائل ایپ اور متعلقہ ٹیکس سہولیات کے ذریعے آسان فائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر کاشف حیدری اور دیگر تاجر رہنماؤں نے خصوصی ٹیکس اسکیم کے حوالے سے حکام سے مختلف سوالات کیے اور تاجروں کو درپیش مشکلات، ٹیکس نظام کو آسان بنانے اور اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ تاجروں کو ٹیکس نظام کا حصہ بناتے وقت انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں اور ہر نئی ٹیکس اسکیم کے نفاذ سے قبل تاجر برادری کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر کو چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور قابلِ عمل بنانا چاہیے تاکہ تاجر رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ خصوصی ٹیکس اسکیم کے بارے میں تاجروں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایف بی آر اور تاجر تنظیموں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔