کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کی خدمات، قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں نے وطن کے دفاع کے لیے شجاعت، بہادری اور قربانی کی لازوال داستانیں رقم کیں، جن کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی روشن مثال رہیں گی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ سال مئی کے مہینے میں معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے اپنی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت، جدید جنگی استعداد اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کے دفاع کی شاندار روایت کو مزید مضبوط کیا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی اس مؤثر اور قابلِ تحسین کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط اور قابل ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ محض ایک قومی دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، پختہ عزم اور وطن سے وفاداری کے جذبے کی تجدید کا موقع بھی ہے۔ قوم اپنے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فرض سے وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاک فضائیہ کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان ایئر فورس کے تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و استقامت نصیب فرمائے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے غازیوں اور موجودہ شاہینوں کی سلامتی، کامیابی اور مزید سربلندی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
