سوراب (ویب نیوز) سوراب میں ارباز پمپ اور نصرت پمپ پر ڈکیتی کی واردات میں پولیس نے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مسروقہ ایکوا گاڑی، نقد رقم اور موبائل فونز برآمد کرلیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز تقریباً ساڑھے پانچ بجے چار نامعلوم مسلح افراد نے ارباز پمپ پر ڈکیتی کی اور 50 لاکھ روپے نقدی جبکہ تقریباً 50 ہزار روپے مالیت کے دو موبائل فونز لوٹ لیے، بعد ازاں ملزمان نصرت پمپ سے ایک ایکوا گاڑی بھی لے کر فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزمان کا تعاقب شروع کیا اور کارروائی کے دوران عمران ولد ٹکری محمد انور، مردشاہی قوم، سیاکمب ماراپ کا رہائشی اور حال مقیم خٹانہ، خضدار، کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مسروقہ گاڑی برآمد کرلی۔ پولیس نے واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری اور باقی مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
