تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

تربت میں یونیورسٹی کے عقب سے خاتون کی لاش برآمد، کرکینی میں نامعلوم مقتول کی امانتاً تدفین

تربت (ویب نیوز) تربت یونیورسٹی کے عقب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لے کر شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کردی، جہاں طبی و قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یونیورسٹی کے عقب سے ملنے والی خاتون کی شناخت ماہ گل بنت عزیز کے نام سے ہوئی ہے جو کلگ سہرانی کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد لاش اسپتال منتقل کی اور موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ بھی تحقیقات کی جارہی ہے کہ خاتون کی لاش یونیورسٹی کے عقب میں کیسے پہنچی اور اس کے پس پردہ کیا عوامل کارفرما تھے، جبکہ موت کی حتمی وجہ طبی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔ دوسری جانب تربت کے علاقے کرکینی میں مچھلی بازار کے قریب دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی ورثا کی جانب سے رابطہ نہ کیے جانے پر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد امانتاً سپردِ خاک کردی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو شناخت اور ورثا کی تلاش کے لیے قانونی طریقہ کار کے تحت رکھا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت کے دوران کسی اہل خانہ یا قریبی رشتہ دار نے رابطہ نہیں کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مقتول کی شناخت اور اس کے خاندان تک رسائی کی کوششیں بدستور جاری ہیں، جبکہ ماہ گل کی لاش ملنے اور کرکینی میں نامعلوم شخص کے قتل، دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔