تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

میر عبدالرحمان لانگو کا قتل بزدلانہ کارروائی ہے، قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا: میر ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نوشکی ضلعی صدر اور باغک یونین کونسل کے چیئرمین میر عبدالرحمان لانگو کو مسلح افراد کی فائرنگ میں شہید کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ہر اس شخص کے دشمن ہیں جو بلوچ عوام کی خدمت، فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں کرتا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ خود کو بلوچ روایات کا علمبردار کہتے ہیں، انہوں نے گھر کی حرمت پامال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے سامنے میر عبدالرحمان لانگو کو ان کے گھر کے اندر نشانہ بنا کر شہید کیا، جو انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید میر عبدالرحمان لانگو ایک مخلص، سماجی کارکن اور عوام دوست شخصیت تھے جو صبح و شام عوام کے درمیان رہتے اور غریب و مستحق افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے تھے۔ یونین کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھا اور علاقے کے لوگوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت کے دور میں انہوں نے نوشکی کے بے روزگار بلوچ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں سرکاری ملازمتیں دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس سے علاقے کی سیکڑوں خاندان مستفید ہوئے۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گرد ان تمام لوگوں کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں جو بلوچ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم ایسے عناصر عوامی خدمت گاروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے شہید میر عبدالرحمان لانگو کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔