پاکستان ۷ ستمبر ۲۰۲۶

مریم نواز کا بیان بھارت سے محبت اور دیگر صوبوں سے بغض کا اظہار ہے: حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کے بجائے اپنے ہی ملک کے عوام اور ہمسایہ صوبوں سے خوف کا اظہار کرکے مودی حکومت سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ہمسایہ صوبوں کے عوام نے مریم نواز کے والد اور چچا کو دو، دو مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کے منصب تک پہنچایا، آج مریم نواز انہی صوبوں کے لوگوں سے خوفزدہ ہیں، جبکہ ان ازلی دشمنوں سے کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف متعدد جنگیں لڑیں اور ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کیں۔ حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خود کو پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھنے والی جماعت قرار دیتی ہے، لیکن یہ متنازع بیان نہ صرف بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی روح کو دکھ پہنچانے کے مترادف ہے بلکہ قیامِ پاکستان کے وقت قربانیاں دینے والے رہنماؤں، ماؤں، بہنوں اور بچوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت ختم کی تو مریم نواز کو پنجاب میں پناہ نہیں ملی تھی بلکہ انہی ہمسایہ صوبوں میں پناہ حاصل ہوئی تھی جن سے آج وہ خوف کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بیان بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کو دشمن قرار دینے کے مترادف ہے اور ان تمام مسلم لیگی کارکنوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے برسوں اس جماعت کو ووٹ دیے اور اسے اقتدار میں لانے کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے اس امر پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ اگر ایسا بیان کسی دوسرے صوبے کے وزیراعلیٰ یا سیاست دان کی جانب سے دیا جاتا تو وزیراعظم سے لے کر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت تک سخت ردعمل سامنے آتا، لیکن موجودہ صورتحال میں خاموشی کو کیا مسلم لیگ (ن) کی باضابطہ پالیسی تصور کیا جائے؟ جمعیت نظریاتی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) فوری طور پر مریم نواز کے بیان کی وضاحت کرے اور اگر یہ بیان پارٹی پالیسی کا حصہ نہیں تو انہیں وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے ہٹایا جائے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا کے عوام سے بغض و نفرت پر مبنی رویے پر غیر مشروط معافی مانگی جائے۔