اسلام آباد (ویب نیوز) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے مختلف پارلیمانی نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات، اداروں کے نمائندوں، وکلا، قبائلی عمائدین اور طلبہ نے ملاقاتیں کیں، جن کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال، بالخصوص بلوچستان کے حالات، عوامی مسائل، سماجی و سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر اسلام آباد کے الشفا انٹرنیشنل اسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے سابق سینیٹر نصیب اللہ بازی سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جبکہ ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعا کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں کے دوران مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور نمائندوں نے اپنے علاقوں اور حلقوں کے عوامی مسائل بھی قائم مقام چیئرمین کے سامنے پیش کیے۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی مجموعی صورتحال، صوبے کے عوام کو درپیش مشکلات، ترقیاتی ضروریات اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع کی فراہمی پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پارلیمنٹ عوامی مسائل اور آواز کی مؤثر عکاسی کا سب سے اہم فورم ہے اور سیاسی، سماجی، قبائلی، تعلیمی اور دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات کے ساتھ مسلسل رابطہ عوامی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے تعلیمی مسائل، مستقبل کے مواقع اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان نسل کے کردار پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم، تربیت اور صلاحیتوں کا درست استعمال ملک کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے وکلا، سیاسی و سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور دیگر معزز مہمانوں سے گفتگو میں کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد، باہمی مشاورت اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جبکہ عوامی فلاح اور ملکی ترقی تمام سیاسی و سماجی حلقوں کی مشترکہ ترجیح ہونی چاہیے۔ سیدال خان ناصر نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، وکلا، طلبہ اور معاشرے کے دیگر طبقات سے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ فورمز تک پہنچایا جاسکے۔
