تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

چمن: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام بڑی ریلی نکالی گئی

چمن (سید سردار محمد خوندئی)
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام چمن میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں دینی علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں، ٹرانسپورٹرز، عوام اور مختلف اسکولوں کے بچوں اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

جلسے کی صدارت ضلعی امیر حافظ عبدالرشید نے کی جبکہ خصوصی مہمان مولانا حافظ محمد یوسف تھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عقیدہ ختم نبوت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں اور ختم نبوت پر ایمان اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان کے لیے عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھنا بنیادی دینی فریضہ ہے۔

مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور ختم نبوت کا عقیدہ قرآن و سنت کی روشنی میں واضح اور قطعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے علماء کرام اور مسلمان ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اس حوالے سے پرامن طور پر آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مقررین نے پاکستان کے آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان میں بھی قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا ہے اور ان کی آئینی و قانونی حیثیت واضح ہے۔
مقررین نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے نئی نسل کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے بنیادی اسلامی عقائد سے واقف ہو۔ انہوں نے علماء، دینی مدارس، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام پر زور دیا کہ وہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور مذہبی شعور کی بیداری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

جلسے کے شرکاء نے عقیدہ ختم نبوت کے حق میں نعرے بھی لگائے، جبکہ مقررین نے ریلی اور جلسے کے پرامن انعقاد پر منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔