تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

پشین: دہشت گردی کسی قوم کی نمائندگی نہیں، پشتون بلوچ تنازع کا تاثر نفرت پھیلانے کی سازش ہے ۔مقررین کا خطاب

پشین( سید سردار محمد خوندئی )
ضلع پشین اور سرانان میں مسلح جتھوں کی کارروائیوں اور حالیہ دہشت گردی و بدامنی کے واقعات کے خلاف آل پارٹیز انجمن تاجران پشین کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو بعد ازاں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

احتجاجی ریلی میں عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے خصوصی طور پر شرکت کی اس احتجاجی جلسے سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی جمیعت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر مولانا کمال الدین پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسی خان روشان انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں اور رہنماؤں نے خطاب کیا مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہ پشتون بیلٹ میں بی ایل اے کے نام سے منسوب دہشت گردی کے واقعات کو پشتون بلوچ تنازعے کا رنگ دینا دونوں اقوام کے درمیان نفرت اور فاصلے پیدا کرنے کی کوشش ہے، جبکہ حقیقت میں پشتون اور بلوچ اقوام کے درمیان کوئی تنازع موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رِٹ قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور پشتون بلوچ نفرت کو ایسے موڑ پر لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے جہاں دونوں اقوام خود دہشت گردی، بدامنی اور مظلومیت کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کسی قوم، زبان یا علاقے کی نمائندگی نہیں کرتی اور اس کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

احتجاجی جلسے کے شرکاء نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پشین اور سرانان سمیت تمام پشتون علاقوں میں دہشت گردی اور مسلح جتھوں کی کارروائیوں کا فوری سدباب کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ بدامنی اور دہشت گردی کا یہ سلسلہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ایک بہت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔