تازہ ترین ۶ ستمبر ۲۰۲۶

جھل مگسی میں کوٹڑہ تھانے پر مسلح حملہ ناکام؛ حملہ آور فرار

جھل مگسی(ویب نیوز)پولیس کے مطابق جھل مگسی کے کوٹڑہ پولیس تھانے پر مسلح افراد کا حملہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا اور حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آٹھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد، جو جدید اور خودکار ہتھیاروں سے لیس تھے، نے کوٹڑہ تھانے پر حملہ کیا، تاہم فائرنگ شروع ہوتے ہی جھل مگسی پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی 151 ونگ کے اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہوکر تھانے کے عقبی راستے سے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے فرار ہوتے وقت ایک خالی ریسٹ ہاؤس کو بھی دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ریسٹ ہاؤس تقریباً آٹھ ماہ قبل ایف سی 151 ونگ کے اہلکاروں کی رہائش کے لیے استعمال ہوتا تھا، تاہم اس وقت خالی تھا۔ واقعے کے بعد ضلعی پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی 151 ونگ کی جانب سے علاقے میں ممکنہ مسلح گروہوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات اور ریسٹ ہاؤس کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کا عمل بھی جاری ہے۔