پاکستان ۶ ستمبر ۲۰۲۶

اسلام آباد کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کی تیاری، 27 رکنی اسمبلی کی تجویز

اسلام آباد (ویب نیوز) ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث کے دوران حکومت نے اسلام آباد کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی نے مجوزہ ڈرافٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردیا، جس میں اسلام آباد کے لیے 27 رکنی اسمبلی، منتخب چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ اسمبلی کے 21 ارکان براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہوں گے جبکہ خواتین کے لیے 5 اور اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص کرنے کی تجویز ہے۔ چیف ایگزیکٹو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ صحت، تعلیم، ماحولیات اور شہری سہولیات سمیت متعدد شعبے مقامی حکومت کے ماتحت ہوں گے۔ قانون و امن اور ماسٹر پلاننگ وفاق کے پاس رکھنے جبکہ سی ڈی اے سمیت مختلف اداروں کے اختیارات ازسرنو ترتیب دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔