پشاور (ویب نیوز) سیکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب دو مختلف کارروائیوں میں 10 اور 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سمیت سرحدی کارروائیوں میں مارے جانے والوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری رکھنے اور ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
