کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان مرکزی انجمن تاجران کے ترجمان کاشف حیدری، ہزارہ یونٹ کے محمد مہدی، عزت اللہ کاظمی، منظور حسین، واحد ہادی، الیاس ہزارہ، محمد علی، محمد حسین اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے دو الگ کامیاب اور بروقت آپریشنز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ رہنماؤں نے خاتون ٹیچر سے لوٹ مار کے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور بروری پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری تحقیقات کے بعد مشتبہ افراد کو قانون کے حوالے کرنا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے سریاب تھانے کی حدود میں ارباب کرم خان روڈ پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش ناکام بنانے اور ایک مشتبہ شخص کو موقع پر گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو بھی مبارکباد دی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سڑکوں پر ڈکیتی، چوری اور لوٹ مار کی روک تھام کے لیے پولیس کے مسلسل اور غیر جانب دار اقدامات عوام اور تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید بھرپور کوششیں کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری اور عام شہری شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے کوئٹہ پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں اور امید ظاہر کی کہ پولیس آئندہ بھی بہادری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
