اسلام آباد، کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی میں پاک بحریہ نے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک ہزار کلوگرام آئس منشیات کی بھاری کھیپ ضبط کرلی۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے کی گئی، جبکہ ضبط شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 21 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔ منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون کے حوالے کردی گئی ہیں۔ پاک بحریہ کے مطابق کامیاب کارروائی مختلف اداروں کے مؤثر باہمی تعاون کا ثبوت ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ادارے پرعزم ہیں۔
