کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صوبائی دارالحکومت آمد کے موقع پر سکیورٹی کے پیشِ نظر ایئرپورٹ روڈ اور اس کے گردونواح میں واقع تمام تجارتی و کاروباری مراکز کو بند کروا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایئرپورٹ روڈ اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث دکانیں اور مارکیٹیں بند رہنے سے کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔کاروباری مراکز کی اچانک بندش پر تاجر برادری اور مقامی شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وی آئی پی موومنٹ کے نام پر غریب کا روزگار متاثر کرنا کسی طور درست نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش اور دکانیں بند کروانے سے نہ صرف تاجروں کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ عام عوام کو بھی نقل و حمل اور روزمرہ کی ضروری اشیا کی خریداری میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کا مقف ہے کہ یہ اقدامات معزز مہمان کی حفاظت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ناگزیر تھے۔
