کوئٹہ (ویب نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام کو مشکلات سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، دکانیں بند کروا کر نہیں بلکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرکے ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ کراچی بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ناظم آباد بلاک جے میں ترقیاتی کاموں کے بعد سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علاقے میں سیوریج، ٹوٹی سڑکوں اور دیگر مسائل حل کیے گئے ہیں، اندرونی سڑکوں پر پیور لگانے کے ساتھ سڑکوں کی دوبارہ تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں موجود ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے اور شہریوں کی خدمت ان کی ذمہ داری ہے، صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ میئر کراچی نے شہر کو دوبارہ بند کرنے کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑی محنت کے بعد کراچی کے حالات بہتر ہوئے تھے، لیکن ایک بار پھر شہر کو بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے ماضی میں شہر کو یرغمال بنایا ہوا تھا، جس کی ویڈیوز سب نے دیکھی ہیں۔
