پاکستان ۳ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیئے

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مالیت کے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کردیئے ہیں، جو ملکی تاریخ میں کسی ایک موقع پر جاری کیا جانے والا سب سے بڑا سنگل انٹرنیشنل بانڈ ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر حاصل کیے گئے، جس پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر ہے، جبکہ 10 سالہ یورو بانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل ہوئے اور اس کا کوپن ریٹ 7.90 فیصد ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق بانڈز کے اجرا کے مقابلے میں تقریباً دگنی طلب موصول ہوئی، جسے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یورو بانڈز کے اجرا سے پاکستان کو مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہوگی، جسے حکومت بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے، بالخصوص قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرے گی۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں سال اس سے قبل بھی 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرچکا ہے، تاہم حالیہ 3 ارب ڈالر کا اجرا ملکی تاریخ میں ایک موقع پر جاری کیا جانے والا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ ہے۔ وزارتِ خزانہ نے عالمی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کی واپسی کو اہم معاشی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی پاکستان پر اعتماد کی بحالی کا واضح اشارہ ہے، جبکہ اس سے عالمی سرمایہ منڈیوں تک ملک کی رسائی بھی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے پہلی مرتبہ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت بانڈ جاری کیا ہے، جبکہ حکومت کی حکمتِ عملی بیرونی قرضوں کے مؤثر انتظام، طویل مدتی فنانسنگ کے حصول اور دوبارہ قرض لینے یا قرض کی مدت بڑھانے سے متعلق خطرات کم کرنے پر مرکوز ہے۔