پاکستان ۳ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں نیشنل ہائی وے کے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنارہے ہیں، عبدالعلیم خان

اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے، کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے بلوچستان سمیت اہم تجارتی روٹ ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں صوبے کے مجوزہ مواصلاتی منصوبوں، قومی شاہراہ این-25 پاکستان ایکسپریس وے اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی موجود تھے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ، چمن این-25 کا 415 ارب روپے کا منصوبہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، پاکستان ایکسپریس وے کی تکمیل سے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان سفر مزید آسان اور فاصلہ کم ہوگا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے بلوچستان کی شاہراہوں پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی توجہ اور خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں ژوب بائی پاس سمیت بلوچستان میں مواصلات کے دیگر منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔