مقامی ۳ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز، سڑکیں اور فٹ پاتھ کلیئر

کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کوئٹہ کو منظم، خوبصورت اور ماڈل شہر بنانے کے وژن کے تحت مرکزی تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر اینٹی انکروچمنٹ اور زرغون زون مانیٹرنگ سیل کے عملے نے پرنس روڈ، لیاقت بازار، فاطمہ جناح روڈ اور گردونواح کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات ہٹا کر راستے کلیئر کردیے۔ کارروائی اینٹی انکروچمنٹ زون کے انچارج علی رضا درانی اور زرغون زون کے سپروائزر نہال دین بگٹی کی نگرانی میں کی گئی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی طور پر سامان رکھنے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، اس لیے عوامی گزرگاہوں کو کشادہ رکھنا ضروری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ مستقل نگرانی کا نظام بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کلیئر کیے گئے مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر عوامی مقامات پر سامان رکھ کر گزرگاہیں محدود کرنے سے گریز کریں اور شہر کو منظم رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔