چمن (ویب نیوز) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی مجموعی انتظامی صورتحال، امن و امان، سیکیورٹی انتظامات، بین المحکمہ رابطہ کاری اور عوامی مفاد سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسران نے اپنے محکموں کی جانب سے جاری اقدامات اور پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی ہدایات کی روشنی میں جاری صفائی اور شجرکاری مہم پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر کے اہم مقامات، شاہراہوں، بازاروں، داخلی و خارجی راستوں اور عوامی مقامات پر صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ شجرکاری مہم کو بھی تیز کرتے ہوئے لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ صاف ستھرا، سرسبز اور پُرامن چمن ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور حکومتی ہدایات، عوامی سہولیات اور جاری ترقیاتی و انتظامی اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنائیں۔
