مقامی ۳ ستمبر ۲۰۲۶

پاکستان کا مسئلہ نئے صوبے نہیں، جمہوری عمل کا تسلسل اور معاشی استحکام ہے، جان محمد بلیدی

تربت (ویب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ نئے صوبوں کا قیام یا موجودہ صوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ جمہوری و سیاسی عمل کا تسلسل، آئین کی بالادستی اور معاشی استحکام ہے۔ تربت پریس کلب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کو تعلیم، بے روزگاری، بارڈر ٹریڈ، زراعت، زیرِ زمین پانی، لاپتہ افراد اور شہریوں کے تحفظ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جنہیں طاقت کے بجائے سیاسی اور جمہوری طریقے سے حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے 12 قانونی بارڈرز میں سے 6 بند ہیں، جس سے صوبے کی معیشت اور روزگار متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی صرف 20 نشستیں ہیں، اس لیے چھوٹے صوبوں کو مناسب سیاسی نمائندگی دی جانی چاہیے۔ سینیٹر بلیدی نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کے مسائل اجاگر اور حقیقی جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔