کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے واقعے کا نوٹس لینے اور قواعد کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون رکن اسمبلی کی دل آزاری اور ایوان کے تقدس کے منافی الفاظ ناقابل قبول ہیں، سیاسی اختلاف رائے جمہوریت کا حصہ ہے تاہم اسے ذاتی حملوں یا نازیبا زبان تک نہیں پہنچنا چاہیے۔ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ تمام ارکان کو خواتین ارکان کے احترام اور پارلیمانی روایات کو مقدم رکھتے ہوئے ایوان کا وقار برقرار رکھنا چاہیے۔
