کوہلو (ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کمانڈر 12 کور کی جانب سے صوبے میں ترقی، میرٹ کی بحالی، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور پائیدار امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جن کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف غربت اور بے روزگاری نہیں بلکہ منفی پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو مایوسی اور شدت پسندی کی طرف دھکیلنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے، اس لیے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے میرٹ، شفافیت اور عوامی فلاح کو ترجیح دینا خوش آئند ہے اور دہشت گردی و بدامنی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔
