مقامی ۲ ستمبر ۲۰۲۶

جنوبی پشتونخوا کا تین روزہ قومی جرگہ اختتام پذیر، 19 نکاتی اعلامیہ جاری

کوئٹہ (وېب نیوز) جنوبی پشتونخوا کے عوام اور پشتونوں کا تین روزہ قومی جرگہ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی زیرصدارت اختتام پذیر ہوگیا۔ جرگے نے 19 نکاتی اعلامیے میں 8 فروری 2024 کے عام انتخابات مسترد کرتے ہوئے موجودہ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے خاتمے اور نئے آزاد و شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم واپس لینے، جنوبی پشتونخوا میں سول اتھارٹی بحال کرنے، اضلاع اور شاہراہوں سے ایف سی ہٹانے، لیویز فورس بحال کرنے اور جنوبی پشتونخوا صوبے کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ جرگے نے قدرتی وسائل اور اراضی کی مبینہ غیر مقامی افراد کو الاٹمنٹ مسترد کرتے ہوئے قانونی سرحدی تجارت بحال کرنے، بدامنی اور شاہراہوں پر لوٹ مار و گاڑیاں جلانے کے واقعات کے خاتمے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ بھی کیا۔ اعلامیے میں پانی، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ تمام اضلاع میں جرگہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا۔