کوئٹہ (وېب نیوز) تین روزہ پشتون قومی جرگہ اختتام پذیر ہوگیا، جس کے بعد 19 نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جرگے نے 8 فروری کے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے موجودہ پارلیمنٹ ختم کرنے اور نئے، آزاد اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا، جبکہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو بھی مسترد کرتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام فریقین کی مشترکہ کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ جرگے نے پشتون اور بلوچ برابری کو تسلیم کرنے یا جنوبی پشتونخوا کے نام سے نئی صوبے کے قیام، تمام اضلاع اور قومی شاہراہوں سے ایف سی کے فوری انخلا، سول اختیارات کی بحالی اور لیویز فورس کو دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں قدرتی وسائل اور زمینوں کی غیر مقامی افراد کو مبینہ الاٹمنٹ کی مخالفت، قانونی سرحدی تجارت کی بحالی، سیاسی قیدیوں کی رہائی، لاپتہ افراد کی بازیابی اور چوتھے شیڈول کے خاتمے کے مطالبات بھی شامل ہیں۔ جرگے نے سیاسی مذاکرات، سول بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔
