مقامی ۲ ستمبر ۲۰۲۶

وندر، ریسکیو 1122 کی اگست 2026 کی ماہانہ رپورٹ جاری، شاہراہوں پر 2204 حادثات میں 38 افراد جاں بحق

وندر (وېب نیوز) میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹرز 1122 بلوچستان نے اگست 2026 کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ صوبے بھر کی قومی شاہراہوں پر مجموعی طور پر 2204 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 2763 افراد زخمی جبکہ 38 افراد جاں بحق ہوئے۔ 1122 کی امدادی ٹیموں نے حادثات کی اطلاع ملتے ہی فوری رسپانس دیتے ہوئے زخمیوں کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ضرورت کے مطابق انہیں قریبی اسپتالوں منتقل کیا، جبکہ سینٹرز میں 238 او پی ڈی مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات ضلع ژوب ٹراما سینٹر میں ریکارڈ ہوئے، جہاں 712 حادثات میں 793 افراد زخمی اور 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ دوسرے نمبر پر خضدار ٹراما سینٹر رہا جہاں 469 حادثات میں 547 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔ لسبیلہ کی این-25 قومی شاہراہ پر بھی حادثات کی صورتحال تشویشناک رہی، جہاں وندر میں 107 جبکہ ٹیارو میں 73 حادثات رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح مستونگ کے لکپاس کے مقام پر 91 حادثات میں 120 افراد زخمی اور 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی دیگر اہم قومی شاہراہوں این-50، این-10 اور این-85 پر بھی متعدد حادثات پیش آئے، جبکہ گوادر کے ساحلی علاقے سے گزرنے والی این-10 شاہراہ پر اگست کے دوران 31 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ 1122 بلوچستان کے اہلکار صوبے بھر کی قومی شاہراہوں پر 24 گھنٹے ہنگامی خدمات انجام دے رہے ہیں اور حادثے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ رپورٹ میں تیز رفتاری، ڈرائیوروں کی تھکاوٹ، سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو حادثات کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔ 1122 نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ شاہراہوں پر سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور طویل سفر کے دوران مناسب آرام کو یقینی بنائیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری مدد کے لیے 1122 پر کال کریں۔ واضح رہے کہ 1122 بلوچستان گزشتہ 8 سال سے منصوبے کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہا ہے اور اس دوران صوبے بھر میں لاکھوں افراد کو ہنگامی طبی خدمات فراہم کرچکا ہے۔