پاکستان ۲ ستمبر ۲۰۲۶

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے چیمبر آمد، جوان بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان اسمبلی میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کے چیمبر کا دورہ کیا اور ان کے جوان بیٹے ثناء اللہ خان اچکزئی کی انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، رکن قومی اسمبلی حاجی جمال شاہ کاکڑ اور بلوچستان اسمبلی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جوان بیٹے کا بچھڑ جانا والدین کے لیے ایک بہت بڑا اور ناقابل تلافی صدمہ ہے، وہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔