لاہور (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں بھی موجود تھے۔اس دوران پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن، تجارت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم شراکت داری پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان موثر پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے امریکی قونصل جنرل کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی، قائمہ کمیٹیوں کے موثر نظام اور پارلیمانی امور کے جدید طریق کار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ملاقات میں امریکی قونصلیٹ لاہور کی سیاسی و معاشی ماہر صدف سعد بھی موجود تھیں جبکہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے سیکرٹری پارلیمانی امور خالد محمود، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی،مشیر برائے سپیکر اسامہ خاور اور امجد مان نے بھی شرکت کی۔
