پاکستان ۱ ستمبر ۲۰۲۶

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے کا اقدام غیر قانونی قرار، ملاقاتوں اور رابطوں کی اجازت

اسلام آباد (ویب نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے دونوں کو جیل رولز کے مطابق سہولیات فراہم کرنے اور قید تنہائی میں نہ رکھنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس خادم حسین سومرو کی جانب سے جاری 24 صفحات پر مشتمل فیصلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ اور اہلخانہ سے ملاقاتیں کرانے جبکہ بیٹوں سے واٹس ایپ آڈیو اور ویڈیو کال پر بات کرانے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ اگر واٹس ایپ کال کو سیاسی مہم کے لیے استعمال کیا گیا تو یہ سہولت معطل کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے مطابق روزانہ ایک گھنٹہ واک کی اجازت دینے اور روزانہ اخبارات و کتابیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سیکیورٹی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کو بات چیت اور رابطے کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔