کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر اپنی منگنی اور شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ان کا رشتہ طے ہوا ہے اور نہ ہی منگنی ہوئی ہے، جبکہ وہ ’’پرنسز گلوریا‘‘ نامی کسی شخصیت کو جانتے تک نہیں۔ ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کوئی فیصلہ ہوا تو خاندان خود اعلان کرے گا، سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں اہم قومی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں، عوام انہیں نظر انداز کرکے حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔ انہوں نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں بچوں کی اموات اور صحت کے نظام پر بھی تنقید کی جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر کہا کہ ایسے فیصلے سڑکوں یا کاروباری فورمز پر نہیں بلکہ متعلقہ اسمبلیوں میں ہونے چاہئیں۔
