کوئٹہ (ویب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اپنے صاحبزادے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی سے متعلق بات چیت کے سلسلے میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی آسٹریا کے ایک خاندان سے منگنی اور شادی کے حوالے سے کم از کم تین ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جبکہ ممکنہ دلہن کا تعلق معروف یورپی خاندان سے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بلاول بھٹو کی شادی رواں سال کے آخر میں ویانا میں ہونے کا امکان ہے اور وہ اپنی ممکنہ دلہن کو کئی برس سے جانتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی آسٹریا سے برطانیہ روانگی متوقع ہے، جہاں بھٹو اور زرداری خاندان کے افراد کی ممکنہ دلہن کے خاندان سے ملاقاتیں بھی ہوسکتی ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی سے متعلق رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ پارٹی کے کئی سینئر رہنما بھی شادی سے متعلق خبروں سے لاعلم ہیں۔


