مقامی ۳۰ اگست ۲۰۲۶

جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کا اجلاس، امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش، حکومت سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت ضلعی دفتر اینگل روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کی تنظیمی کارکردگی، جماعتی نظم و ضبط اور ذمہ داران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ شرکائے اجلاس نے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوری، ڈکیتی، رہزنی، شہریوں کو نشانہ بنانے اور ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات کے باعث عوام خوف اور عدم تحفظ کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اجلاس میں حکومت اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ اجلاس میں ضلعی مجلسِ عمومی کا اجلاس 8 اکتوبر بروز جمعرات جامع مطلع العلوم میں منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس سے مولانا عبدالرحمن رفیق، مولانا خورشید احمد، مولانا مفتی محمد روزی خان، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، مولانا عبدالاحد، مولانا سعید احمد، مولانا محمد سلیمان، حافظ رشید احمد اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے جماعتی نظم و ضبط، ذمہ داری کے احساس اور بالائی جماعت کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی ذمہ داریوں میں مسلسل غفلت اور کوتاہی کرنے والوں کے خلاف جماعتی اصولوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ تمام تحصیلوں اور یونٹوں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے، باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے، کارکنوں کی تربیت و رہنمائی اور جماعتی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانے کی ہدایت کی گئی۔