پاکستان ۲۹ اگست ۲۰۲۶

پمز آتشزدگی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد عہدوں سے فارغ

اسلام آباد (ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پمز کے نیونیٹل وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کی روشنی میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیت 8 ذمہ دار افراد کو عہدوں سے ہٹانے اور ان کے خلاف محکمانہ و فوجداری کارروائی کی منظوری دے دی۔ فارغ کیے گئے افراد میں پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر وارث علی شاہ، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد عثمان اور سی ڈی اے ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمن شامل ہیں۔ وزیراعظم نے سیکیورٹی کمپنی اور اس کے متعلقہ عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی۔ تحقیقاتی بریفنگ میں بتایا گیا کہ وارڈ میں فائر الارم اور سپرنکلر سسٹم موجود نہیں تھا، آگ سے نمٹنے کے لیے مناسب تربیت اور تفصیلی حفاظتی طریقہ کار کا بھی فقدان تھا۔ آگ لگنے کے 6 منٹ بعد ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی جبکہ پہلا امدادی ردعمل مزید 15 منٹ بعد پہنچا۔ وزیراعظم نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری بھی دی۔