کوئٹہ (ویب نیوزڈ) بلوچستان کے صوبائی وزراء نے صحافیوں کے شہداء کے دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور ان صحافیوں نے جو حق اور سچ کی آواز بلند کرتے ہوئے عوامی شعور اجاگر کرنے اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ صوبائی وزراء شعیب نوشیروانی، میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم خان کھوسہ اور حاجی محمد خان نے الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحافت روز بروز مشکل ہوتی جا رہی ہے اور صوبائی حکومت صحافیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے صحافیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے قلم اور کیمرے کا مثبت استعمال کرتے ہوئے معاشرے اور صوبے کے پسماندہ علاقوں اور مختلف مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت ان کے حل کے لیے اقدامات کرسکے۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ بلوچستان کے مشکل اور حساس حالات میں صحافی اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران مختلف دباؤ، سکیورٹی خطرات، محدود وسائل اور معلومات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود عوام تک حقائق پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار، حقائق کی تلاش اور عوام کی آواز بننے کے لیے دی جانے والی ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ ان کے مطابق صحافیوں کو آزاد، محفوظ اور ذمہ دارانہ ماحول میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے مواقع فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان، دہشت گردی اور دیگر حساس موضوعات کی رپورٹنگ کے دوران صحافیوں کو سنگین خطرات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ان کے جان و مال کا تحفظ اور پیشہ ورانہ مسائل کا حل ضروری ہے۔ صوبائی وزراء نے زور دیا کہ مضبوط، ذمہ دار اور آزاد میڈیا معاشرے کا حقیقی ترجمان ہے، جبکہ حکومت اور صحافتی برادری کو مل کر صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور محفوظ صحافتی ماحول کے قیام کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے شہید صحافیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید صحافیوں کی قربانیاں پاکستان اور بلوچستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں اور زندہ صحافیوں کی خدمات و جدوجہد کو بھی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔
