چمن (ویب نیوزڈ) چمن کے حاجی خال علاقے میں ایک مدرسے میں کمسن طالبہ ملالہ پر مدرسے کے استاد کی جانب سے مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں اطلاعات کے مطابق بچی اپنی ایک آنکھ سے محروم ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر چمن کے اسسٹنٹ کمشنر حبیب بنگلزئی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مدرسہ بند کرنے کا حکم دیا اور مبینہ طور پر ملوث استاد کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کردی۔ واقعے کے بعد کمسن طلبہ پر تشدد اور تعلیمی و دینی اداروں میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار شخص کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ بچی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرتے ہوئے مکمل علاج یقینی بنایا جائے۔
