کوئٹہ ( ویب نیوز ) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے آبادی والے علاقوں میں قائم غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 63 پمپس سیل کرکے 72 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیاں پشتون آباد، جوائنٹ روڈ، سرکی روڈ، فقیر محمد روڈ، میہانگی روڈ، کاسی روڈ، عالموں چوک، ایئرپورٹ روڈ، نوحصار کلی، سمنگلی، خروٹ آباد سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ آپریشن اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشین اسٹاپ کے حالیہ واقعے کے بعد آبادی والے علاقوں میں قائم منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور آتشزدگی کے خطرات کے پیش نظر آبادی والے علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھی جائے اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
