مقامی ۲۷ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں وی وی آئی پی دوروں کے اخراجات میں 6.827 ملین روپے کی مبینہ بے ضابطگیاں

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان میں مالی سال 2023-24 کے دوران وی وی آئی پی دوروں کے لیے بورڈنگ، رہائش اور کھانے کے اخراجات کی مد میں 6.827 ملین روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں اور دوہری ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ ریکارڈ کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری کی جانب سے ہوٹل رہائش اور کھانے کے اخراجات کی ادائیگیاں کی گئیں، تاہم جانچ پڑتال کے دوران ہوٹل کی رسیدیں، منظور شدہ ٹور پروگرامز اور دیگر ضروری معاون دستاویزات دستیاب نہیں تھیں۔ آڈٹ کے مطابق متعدد بلوں کی رقم 0.2 ملین روپے سے کم رکھی گئی تاکہ لازمی ٹینڈرنگ کے عمل سے گریز کیا جا سکے، جبکہ محکمہ کے کمزور اندرونی مالیاتی کنٹرولز کے باعث دوہری ادائیگیوں اور غیر مجاز اخراجات کا معاملہ بھی سامنے آیا، جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔ آڈٹ نے معاملے کی وضاحت، ذمہ داری کے تعین اور سرکاری رقم کی وصولی کے لیے ضروری کارروائی پر زور دیا ہے۔