مقامی ۲۷ اگست ۲۰۲۶

لورالائی، اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم کی نگرانی میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائی، نصف درجن دکانیں سیل اور کئی دکاندار گرفتار

لورالائی( ویب نیوز )لورالائی میں پرائس کنٹرول کمیٹی نے اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کی نگرانی میں شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرائس کنٹرول ٹیم نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار، سرکاری نرخ ناموں اور دکانوں میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔پرائس کمیٹی نے منی پٹرول پمپس کے پیمانے بھی چیک کئیے دورے کے دوران گوشت کی دکانوں سمیت مختلف کاروباری یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ گوشت کی دکانوں میں گوشت کو جالی دار کپڑے سے ڈھانپ کر رکھنے کی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائی کرتے ہوئے نصف درجن کے قریب دکانیں سیل اور نصف درجن دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پرائس کنٹرول ٹیم نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں اور اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کی جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے واضح کیا کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی، غیر معیاری اشیا کی فروخت اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیا کی فراہمی اور مقررہ نرخوں پر خریداری یقینی بنانے کے لیے بازاروں میں نگرانی اور کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔