خاران( ویب نیوز ) پولیس نے عوام کی مدد سے دو مبینہ مسلح ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کے بعد خاران بازار بند ہوگیا، جبکہ عوام کی بڑی تعداد پولیس تھانے میں جمع ہو گئی ہے تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ خاران پرانا سبزی منڈی میں پیش آیا، جہاں واقع عصمت ایزی پیسہ شاپ پر مبینہ مسلح ڈکیتوں نے دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کی۔ سوشل میڈیا میں وائرل ویڈیو میں مبینہ ڈکیتوں کو بازار کے بیچ واقع دکان میں ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مبینہ ڈکیتوں نے عصمت ایزی پیسہ شاپ پر واردات کے بعد قبرستان روڈ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لوٹنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی اور عوام کی مدد سے ڈکیتی کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اس دوران پولیس اور مبینہ مسلح ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد پولیس نے عوام کی مدد سے دو مبینہ مسلح ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے بعد خاران بازار بند ہوگیا، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد پولیس تھانے میں جمع ہو گئی۔
