اسلام آباد (ویب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ ملک میں کاروبار کو آسان بنانے، طریقۂ کار کی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل، طریقۂ کار کی سادگی اور ڈیجیٹل گورننس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے چیمبر ہاؤس میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاروبار دوست اصلاحات متعارف کرائی جائیں اور ون ونڈو آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔ اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت میں زیادہ فعال کردار ادا کر سکتا ہے اگر اسے شفاف اور مؤثر ریگولیٹری نظام فراہم کیا جائے۔ انہوں نے غیر ضروری معائنوں میں کمی، ٹیکس نیٹ کی توسیع اور کاروباری مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔ نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کہا کہ آسان کاروباری ماحول آج عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے پاکستان کو جدید ریگولیٹری اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھنا ہوگا۔ چیمبر کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری حکومت کے ساتھ مل کر ایسی اصلاحات کے فروغ میں کردار ادا کرے گی جو سرمایہ کاری، برآمدات اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہوں۔
