کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 کے رکن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار عبیداللہ گورگیج نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عالم اسلام اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی مبارک زندگی ہمارے لیے امن، محبت، برداشت، بھائی چارے، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کی عملی مثال ہے۔ سردار عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں محبت، اخوت اور برداشت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے رنگ، نسل، زبان اور طبقے کے امتیازات ختم کرکے مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور سیرت النبی ﷺ پر عملی طور پر عمل پیرا ہو کر کیا جا سکتا ہے، ہمیں ضرورت مندوں، غریبوں اور محروم افراد کا خیال رکھنا چاہیے اور امن و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت لمحات کے وسیلے سے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں امن و استحکام قائم فرمائے، عوام کو خوشحالی عطا کرے اور ہم سب کو رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔
