اسلام آباد( ویب نیوز) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اختلافات موجود ہیں اور یہ ایک واضح بات ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں حکمران اتحاد کی دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں اختلافی امور پر بات ہوئی۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہم صرف کورم پورا کرنے نہیں آئے، ہمارے اختلافات ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسائل حل ہوں، جب تک مسائل حل نہیں ہوتے اجلاس نامکمل رہیں گے، اگر ہم اتحاد میں ہیں تو اتحاد کو عزت بھی دینا ہوگی۔ فاروق ایچ نائیک نے ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب ٹھیک ہے جبکہ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مسائل اور ایشوز کی بات کرتی ہے، دونوں جماعتیں ایک عرصے سے مل کر کام کر رہی ہیں۔ مذاکرات میں ن لیگ کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف اور ضیاء الحسن لنجار شریک تھے۔
