پاکستان ۲۴ اگست ۲۰۲۶

حکومت کو ووٹوں کے بعد عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا، یاسمین راشد

لاہور (ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت کو ووٹوں کا احترام نہیں تھا، اب ثابت ہوگیا کہ عدلیہ کا احترام بھی نہیں رہا، کوٹ لکھپت جیل میں قید یاسمین راشد نے وکیل کے ذریعے دیے گئے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے اور حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی، انہوں نے کہا کہ 2019 میں نواز شریف سروسز اسپتال داخل ہوئے تو 18 گھنٹے میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا تھا اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی بورڈ میں شامل تھے، نواز شریف کو 24 گھنٹے میں بیماری کی تشخیص کے بعد علاج کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنے کا اخلاقی حوصلہ دکھایا تھا، یاسمین راشد نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ یہی بیان سپریم کورٹ میں حلف کے ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں، حکومت بانی پی ٹی آئی اور عوام میں ان کی محبت سے خوفزدہ ہے۔