پاکستان ۲۴ اگست ۲۰۲۶

پنجگور میں سیکیورٹی چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، ایک اہلکار شہید، بلوچستان میں 70 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی/کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر ’فتنۃ الہندوستان‘ سے وابستہ دہشت گردوں کی حملے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ آوروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور وہ اپنے مقاصد حاصل کیے بغیر فرار ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار نے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے اور چوکی کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یکم سے 23 اگست تک مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 15 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 70 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 50 کو ’فتنۃ الہندوستان‘ کے ارکان قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، ٹھکانوں اور معاونین کے خلاف اقدامات کیے جبکہ ان کے دوبارہ منظم ہونے کی کوششوں کو روکنے کے لیے نگرانی بھی سخت کردی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا۔