اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کا بہترین طریقہ باہمی مشاورت اور منصفانہ انداز میں وسائل کی تقسیم ہے، بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل اور چیلنجز کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، بلوچستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے اور اسے پاکستان کے امیر ترین صوبوں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسائل کی آڑ میں کوئی محب وطن بندوق نہیں اٹھا سکتا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہو رہی ہے جبکہ اس کے پیچھے دشمن ممالک کے عناصر کارفرما ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں شناخت کی بنیاد پر مزدوروں کا قتل کسی صورت جائز نہیں، خونی سڑکوں کو امن کی شاہراہوں میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے، گوادر ایئرپورٹ چین کی جانب سے تحفہ ہے، پاکستان کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب چاروں صوبے مل کر آگے بڑھیں، جبکہ افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قربانیاں دے کر عوام کو محفوظ بنا رہے ہیں۔
