پاکستان ۲۲ اگست ۲۰۲۶

اپوزیشن کا گرینڈ الائنس مزید فعال بنانے اور 27 ستمبر کے احتجاج کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد(ویب نیوز)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس، چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد، پارلیمانی امور اور اپوزیشن کی آئندہ سیاسی و عوامی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے علاج اور صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا جبکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر آئینی و قانونی راستہ اختیار کرنے اور حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے احتجاج اور لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دینے، پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور سیاسی سرگرمیوں کو منظم بنانے پر اتفاق کیا گیا، مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے آئین، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی اصولوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے گرینڈ اپوزیشن الائنس کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کی تائید کی اور مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔