اسلام آباد (ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے بلوچستان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور سیاسی رہنماؤں سے اہم ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام، ترقی، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کو باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن و استحکام معاشی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صلاحیتوں اور مواقع کی کمی کا شکار نہیں، کیونکہ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور پُرامید طبقہ ہیں، اس لیے انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں ان کا کردار یقینی بنانا پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان دشمن عناصر کی بیرونی حمایت یافتہ پراکسی تنظیمیں ہیں جنہیں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قوم کے مشترکہ عزم اور ریاست کے پُرعزم و فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن، سماجی ہم آہنگی اور تعمیری قومی مکالمے کے فروغ میں بلوچستان کی بااثر شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے کردار کو سراہتے ہوئے دشمن کے پروپیگنڈے کے مؤثر مقابلے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان کے عوام کی حقیقی صلاحیتوں، ترقی اور امیدوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کا مستقبل بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔ ملاقات میں شریک سیاسی و سماجی شخصیات اور رہنماؤں نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
