پاکستان ۲۱ اگست ۲۰۲۶

عمران خان کی اسپتال منتقلی، نظرثانی درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کردی، ذرائع کے مطابق درخواست کے ساتھ پیپر بکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض کیا گیا ہے اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہونے کے بعد نظرثانی درخواست دوبارہ دائر کی جائے گی، حکومت نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ جیل قوانین میں قیدی کو اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار واضح ہے اور عدالتی فیصلے میں جیل قوانین کو نظرانداز کیا گیا، درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ فریقین کو نوٹس جاری کیے بغیر حکم دیا گیا اور عبوری مرحلے میں حتمی نوعیت کا ریلیف نہیں دیا جاسکتا، واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دو روز قبل اپنے تحریری فیصلے میں عمران خان کو دو دن کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، عدالت نے اہل خانہ کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت، اسپتال میں سیکیورٹی یقینی بنانے، طبی ریکارڈ پیش کرنے اور اسپتال کے باہر سیاسی اجتماع نہ ہونے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔